ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ترکی کی کارروائیوں کے سبب 30 ہزار شہری نقل مکانی پر مجبور : ایس ڈی ایف کامضحکہ خیزدعویٰ

ترکی کی کارروائیوں کے سبب 30 ہزار شہری نقل مکانی پر مجبور : ایس ڈی ایف کامضحکہ خیزدعویٰ

Sat, 09 Nov 2019 17:59:38    S.O. News Service

دمشق ،9نومبر(آئی این ایس انڈیا)سیرین ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) نے مضحکہ خیز دعویٰ کیا ہے  کہ فائر بندی کے معاہدے کے بعد ترکی نے 1100 مربع کلو میٹر اراضی پر قبضہ کیا ہے، جبکہ ہمارے 182 جنگجوؤں کو ہلاک اور 243 کو زخمی کیا ہے  اور ترکی کے سبب 30 ہزار شہریوں نے اپنے علاقوں سے نقل مکانی کی۔

ایس ڈی ایف کی جنرل کمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی فائر بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ وہ دانستہ اور سوچے سمجھے انداز میں انسانی المیے کے حجم کو بڑھا رہا ہے۔بیان کے مطابق ترکی کی فوج اور اس کے زیر انتظام مسلح گروپوں کی جانب سے فائر بندی کے معاہدے کی پاسداری نہیں کی جا رہی...یہ معاہدہ ایس ڈی ایف کی مشاورت سے 17 اکتوبر کو ترکی اور امریکا کے درمیان طے پایا تھا۔ ہماری فورسز مذکورہ سمجھوتے کے متن میں موجود تمام شقوں کی پاسداری کر رہی ہیں۔ایس ڈی ایف کے بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ فائر بندی کے دن سے اب تک ترکی نے تقریبا 11 ہزار مربع کلو میٹر کا جغرافیائی رقبہ اپنے قبضے میں لیا جس میں 56 دیہات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ عین عیسی کے شمال، کوبانی کے مشرق، راس العین کے مشرق اور تل تمر کے شمال مغرب میں متعدد کھیتوں پر بھی کنٹرول حاصل کر لیا گیا۔ فائر بندی کے بعد سے ترکی اور اس کے زیر انتظام مسلح گروپوں کی جانب سے مسلسل خلاف ورزیوں کا ارتکاب جاری ہے۔ اس کے نتیجے میں 30 ہزار کے قریب شہری نقل مکانی پر مجبور ہوئے جب کہ درجنوں جاں بحق اور زخمی ہو گئے۔

بیان کے مطابق ترکی اور اس کے ہمنوا مسلح گروپوں نے فائر بندی کے بعد 108 زمینی حملے کیے۔ اسی طرح ترکی کے ڈرون طیاروں نے 82 ٹھکانوں کو بم باری کا نشانہ بنایا اور اس کی بھاری توپوں نے عسکری کارروائیوں کے متفقہ زون کے باہر 110 ٹھکانوں پر گولہ باری کی۔ ان تمام حملوں کے نتیجے میں ہماری فورسز کے 182 جنگجو ہلاک اور 243 زخمی ہوئے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی اور اس کے زیر انتظام مسلح گروپ اس جھوٹ کے ذریعے رائے عامہ کو گمراہ کر رہے ہیں کہ وہ فائر بندی کی پاسداری پر عمل پیرا ہیں۔ ترکی کی فوج کی جانب سے شام کی مزید اراضی پر قبضے کا سلسلہ جاری ہے۔ایس ڈی ایف کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ''ہم نے امریکا کی ضمانت اور وساطت سے فائر بندی کی شرائط پر آمادگی کا اظہار کیا تھا۔ اب یہ امریکا پر لازم ہے کہ وہ بطور ضامن اپنی ذمے داریاں پوری کرے اور منصفانہ موقف اپناتے ہوئے ترکی کی فوج اور اس کے مسلح گروپوں کی جانب سے ان تمام خلاف ورزیوں کے حوالے سے اطمینان بخش جواب اور واضح موقف پیش کرے۔


Share: